باشعور کارکن سے باوقار ریاست تک

2026-10-04 · Naveed Alam

From a Conscious Political Worker to a Dignified State

عام سیاسی کارکن سے لیکر سیاسی جماعت کی مرکزی قیادت دہائیوں کا سفر طے کرنے والے کہنہ مشق سیاسی راہنماء عارف چوہدری صاحب کی سیاسی زندگی کا نچوڑ 

عارف چوہدری صاحب سے شناسائی 2012-2013 میں میڈیا ترجمانی کے حوالے سے لاہور میں منعقدہ میڈیا ٹریننگ ورکشاپس کے دوران ہوئئ۔

بعد ازاں مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن پاکستان عوامی تحریک کے طور پر بطور کوآرڈینیشن سیکریٹری PAT کراچی رابطہ رہا، پھر بطور نگران سوشل میڈیا پاکستان عوامی تحریک ان سے بطور مرکزی کوآرڈینیٹر اور ڈپٹی کوآرڈینیٹر سوشل میڈیا رابطہ رہا۔

میں نے انہیں انتہائی شفیق، ملنسار، احساس کرنے والا، صبر و تحمل اور بردباری والا، کارکنان کو عزت دینے والا، انکی باتوں کو سننے اور سمجھنے کی کوشش کرنے والا، انکی حوصلہ افزائی، تعریف کرنے اور چھوٹے چھوٹے کاموں کو سراہنے والا، مرکزی قیادت پر ہوتے ہوئے انتہائی عاجزی و انکساری والا اور سب سے بڑھ کر گہری سیاسی سمجھ بوجھ اور مستقل غور و فکر کرنے والا سیاسی کارکن اور راہنما پایا۔

کسی سیاسی کارکن کی اصل تربیت صرف نعروں، جلسوں، تنظیمی ذمہ داریوں یا سیاسی سرگرمیوں میں شرکت سے نہیں ہوتی؛ اس کے لیے فکر، شعور، مطالعہ، مشاہدہ، سوال اٹھانے کی جرأت، اختلاف کو سمجھنے کا حوصلہ اور اپنے کردار کا مسلسل احتساب بھی ضروری ہے۔ یہی وہ بنیادی نکتہ ہے جہاں سے عارف چوہدری صاحب کی کتاب ’’باشعور کارکن سے باوقار ریاست تک‘‘ اپنا فکری سفر شروع کرتی ہے۔

عارف چوہدری صاحب کا سیاسی سفر کسی ایک عہدے یا منصب سے شروع ہونے والا سفر نہیں۔ وہ نوجوانی سے سیاسی کارکن رہے، تنظیمی سطح کی ذمہ داریوں سے آگے بڑھے، میدانِ عمل میں کام کیا، مختلف مراحل اور تجربات سے گزرے اور اپنی محنت، مشاہدے اور صلاحیت کے باعث مرکزی قیادت تک پہنچے۔ یہی طویل عملی سفر اس کتاب کی سب سے اہم خصوصیت بھی ہے، کیونکہ یہاں سیاست کسی دور بیٹھے ہوئے مبصر کا موضوع نہیں بلکہ ایک ایسے شخص کا تجربہ ہے جس نے سیاسی کارکن کے ساتھ چل کر، اس کے مسائل کو قریب سے دیکھ کر اور تنظیمی و سیاسی زندگی کے مختلف نشیب و فراز سے گزر کر ان موضوعات کو قلم بند کیا ہے۔

گو عارف چوہدری صاحب سیاسی جماعتوں کے مرکزی قائدین میں شمار ہوتے ہیں، لیکن انہوں نے خود کو ہمیشہ ایک حساس سیاسی کارکن کے طور پر زندہ رکھا ہے۔ بڑے عہدوں نے ان کے اندر کبر، اکڑ، سختی اور عام کارکنان سے لاتعلقی جیسی عام بیماریاں قریب بھی نہیں آنے دیں۔ بطور سیاسی قائد جب وہ کارکنان سے ملتے ہیں، ان سے کسی معاملے میں پوچھ گچھ کرتے ہیں، رپورٹس لیتے ہیں، اہداف کا فالو اَپ کرتے ہیں یا کسی ہدف کے حصول کے لیے انہیں متحرک کرتے ہیں تو کارکنان کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ کوئی بڑا مرکزی قائد ان سے مخاطب ہے؛ بلکہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ان کا اپنا ہم سفر، ایک شفیق اور ہمدرد سیاسی کارکن، ان کی رہنمائی کر رہا ہو۔

شاید یہی وجہ ہے کہ ’’باشعور کارکن سے باوقار ریاست تک‘‘ محض سیاسی موضوعات پر لکھی ہوئی ایک اور کتاب محسوس نہیں ہوتی، بلکہ سیاسی کارکن کی داخلی اور عملی تشکیل کا ایک ایسا سفر دکھائی دیتی ہے جس میں مصنف قاری کو قدم بہ قدم اپنے ساتھ لے کر چلتا ہے۔

اس کتاب کے جس حصے سے مجھے گزرنے کا موقع ملا، اس سے یہ احساس نمایاں طور پر ابھرتا ہے کہ مصنف نے محض خوب صورت الفاظ، بلند بانگ محاوروں یا سیاسی اصطلاحات کا انبار لگانے کے بجائے اپنے تجربات اور مشاہدات کو ایک عملی اور قابلِ فہم فکری ترتیب میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ قاری کو بارہا یوں محسوس ہوتا ہے جیسے مصنف اس کے ساتھ اس کا ہاتھ تھامے ہوئے اسے سیاست کے ایک ایسے سفر پر لے جا رہا ہے جس کی بہت سی منزلیں وہ خود دہائیوں میں طے کر چکا ہے۔

وہ صرف یہ نہیں بتاتا کہ کیا کرنا چاہیے؛ بلکہ اس سوال کی طرف بھی لے جاتا ہے کہ کیوں کرنا چاہیے، کیسے کرنا چاہیے، کہاں رک کر سوچنا چاہیے، کس مرحلے پر کیا سیکھنا چاہیے اور کن تجربات کو آئندہ سفر کے لیے اپنے ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔

ایک سیاسی کارکن کب محض ہجوم کا حصہ بن جاتا ہے اور کب ایک باشعور فرد کی حیثیت اختیار کرتا ہے؟

کارکن میں مایوسی کیوں جنم لیتی ہے؟

کارکن، قیادت اور تحریک کے درمیان تعلق کی نوعیت کیا ہونی چاہیے؟

کسی سیاسی کارکن کے لیے وفاداری اور اندھی تقلید میں کیا فرق ہے؟

اختلافِ رائے کہاں سے تعمیری کردار ادا کرنا شروع کرتا ہے اور کہاں سے تنظیمی انتشار کا سبب بن سکتا ہے؟

اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ایک کارکن اپنی ذات، جماعت اور تحریک سے آگے بڑھ کر ملک اور معاشرے کے لیے کیا مثبت کردار ادا کرسکتا ہے؟

یہ سوالات محض سیاسی تنظیموں کے اندرونی معاملات کے سوالات نہیں؛ یہ دراصل سیاسی اور شہری شعور کے بنیادی سوالات ہیں۔

پاکستان میں سیاست پر بہت کچھ لکھا گیا ہے، سیاسی تاریخ پر بھی کتابیں موجود ہیں، مختلف سیاسی شخصیات اور تحریکوں کے کردار پر بھی بہت سا مواد دستیاب ہے؛ لیکن سیاسی کارکن کی فکری، اخلاقی، تنظیمی اور عملی تربیت پر اس انداز میں لکھا جانا نسبتاً کم دکھائی دیتا ہے۔ شاید اسی خلا کی وجہ سے ہماری سیاسی زندگی میں ایک عجیب تضاد بھی نظر آتا ہے: سیاسی سرگرمی تو بہت ہے، لیکن سیاسی شعور ہر جگہ اسی تناسب سے دکھائی نہیں دیتا۔

ایک باشعور کارکن کا کام صرف اپنی جماعت یا قیادت کے ہر فیصلے کا دفاع کرنا نہیں ہوتا، اور نہ ہی مخالف سیاسی جماعت یا قیادت کو ہر صورت غلط ثابت کرنا سیاسی شعور کی علامت ہے۔ سیاسی کارکن اگر سوال کرنا، تحقیق کرنا، اختلاف کو سمجھنا، دلیل کو سننا اور اپنے موقف پر نظرثانی کرنا چھوڑ دے تو اس کی سیاسی وابستگی رفتہ رفتہ شعوری وابستگی کے بجائے محض گروہی وابستگی بن سکتی ہے۔

اسی طرح سیاست اگر صرف ذاتی اثر و رسوخ، عہدے، تعلقات یا معمولی ذاتی فوائد کے حصول کا ذریعہ بن جائے تو اس کی مقصدیت کمزور پڑ جاتی ہے۔ سیاسی کارکن کی اصل طاقت اس کے عہدے میں نہیں بلکہ اس کے شعور، کردار، مقصدیت اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس میں ہوتی ہے۔

عارف چوہدری صاحب کا تعلق دراصل اس سیاسی مکتب سے ہے جو فرد کو معاشرے اور تنظیم کی بنیادی اکائی سمجھتے ہیں، جو سمجھتے ہیں کہ اقوام کی تقدیر افراد کے ہاتھوں میں ہے، فرد اور شہری کا بگاڑ ملک اور سیاسی جماعت کے مستقبل کو تاریک جبکہ فرد، شہری اور سیاسی کارکن کا سنورنا اور باشعور ہونا ملک اور سیاسی جماعت کی کامیابی کا ضامن ہے۔ بقول اقبال 

افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر

ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ

’’باشعور کارکن سے باوقار ریاست تک‘‘ کا عنوان اسی فکر کو فرد سے ریاست تک پھیلاتا دکھائی دیتا ہے۔ اگر فرد باشعور ہوگا تو کارکن باشعور ہوگا؛ کارکن باشعور ہوگا تو تنظیمی عمل میں شعور آئے گا؛ تنظیمیں شعوری بنیادوں پر کام کریں گی تو سیاسی جماعتوں کا کردار بھی زیادہ ذمہ دارانہ ہو سکتا ہے، اور بالآخر ایک ذمہ دار شہری معاشرہ ریاست کے مجموعی کردار پر بھی اثرانداز ہوتا ہے۔

کتاب اختلاف، احتجاج اور ریاست و شہری کے باہمی تعلق پر بات سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے ہر فریق کی ذمہ داریوں پر بات کرتی ہے۔ 

جب ریاست اور شہری ایک دوسرے کے بالمقابل کھڑے دکھائی دیں تو ایک باشعور سیاسی کارکن اور ایک ذمہ دار ریاست کا طرزِ عمل کیا ہونا چاہیے؟

یہ کتاب سکھاتی ہے کہ کارکن اپنی طاقت کو ذمہ داری میں بدلے،

اور ریاست اپنی طاقت کو تحمل، انصاف اور حکمت میں۔

سیاسی کارکنان اور ریاستی ذمہ داران باشعور ہوں تو اختلاف دشمنی نہیں بنتا، احتجاج تصادم نہیں بنتا اور ریاستی اختیار بے حسی نہیں بنتا۔

اس کتاب کا حاصل یہ ہے کہ ’’باشعور کارکن‘‘ اور ’’باوقار ریاست‘‘ ایک دوسرے کے مقابل نہیں بلکہ ایک ہی اجتماعی سفر کے دو ذمہ دار کردار ہیں۔

میرے نزدیک اس کتاب کی اصل اہمیت بھی یہی ہے کہ یہ سیاسی کارکن کو صرف ’’کسی کے ساتھ کھڑے ہونے‘‘ کا درس نہیں دیتی بلکہ اسے سوچنے، سمجھنے، سوال کرنے، سیکھنے اور ذمہ داری قبول کرنے کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

اور شاید یہی وہ سفر ہے جس کی آج ہمارے سیاسی کارکن کو ضرورت ہے۔

ایسا کارکن جو شخصیت سے پہلے مقصد کو دیکھے،

جذبات کے ساتھ دلیل کو بھی جگہ دے،

وابستگی کے ساتھ سوال کرنے کا حوصلہ رکھے،

اختلاف کو دشمنی نہ سمجھے،

اپنی رائے کو حتمی نا سمجھے،

دوسروں یا اکثریتی رائے کا احترام سیکھے،

اپنے حقوق کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو بھی پہچانے،

اور سیاست کو محض ذاتی ترقی نہیں بلکہ اجتماعی زندگی کی ذمہ داری سمجھے۔

عارف چوہدری صاحب نے اپنی کئی دہائیوں کے سیاسی تجربے، مشاہدے اور فکری سفر کو جس انداز میں اس کتاب میں سمیٹنے کی کوشش کی کہ یہ قاری کو اپنے سیاسی رویوں، ترجیحات، سوالات اور ذمہ داریوں پر دوبارہ غور کرنے کی دعوت بھی دیتا ہے۔

میری خواہش ہے کہ اس کتاب کو صرف سیاسی کارکن ہی نہ پڑھیں، بلکہ وہ تمام شہری بھی پڑھیں جو یہ سمجھنا چاہتے ہیں کہ ایک ذمہ دار شہری، ایک باشعور کارکن، ایک مؤثر سیاسی تنظیم اور ایک باوقار ریاست کے درمیان تعلق کی بنیاد کن اصولوں پر قائم ہوسکتی ہے۔

کیونکہ ریاستیں صرف عمارتوں، اداروں اور قوانین سے نہیں بنتیں؛

ریاستیں باشعور افراد سے بھی بنتی ہیں۔

اور اگر یہ کتاب کسی ایک کارکن کو اندھی وابستگی کے بجائے شعوری وابستگی، جذباتی ردِعمل کے بجائے فکری تدبر، ذاتی مفاد کے بجائے مقصدیت، اور تصادم کے بجائے ذمہ دار اختلاف کی طرف لے جانے میں کامیاب ہوجائے تو اس کا سفر بامعنی ہے۔

آخر میں اسی کتاب کے مرکزی پیغام کو چند الفاظ میں یوں سمیٹا جا سکتا ہے:

اختلاف رہے، آواز بھی رہے، احتجاج بھی رہے۔۔۔۔

مگر آئین، قانون، انسان اور ریاست سب محفوظ رہیں۔۔۔

یہی شعور، شاید، باشعور کارکن سے باوقار ریاست تک کا پہلا قدم ہے۔


WhatsApp · Facebook · X

Comments / تبصرے

تمام مضامین ←